حیدرآباد 8 جولائی ( این ایس ایس ) تلنگانہ اقلیتی اقامتی ایجوکیشنل سوسائیٹی کے وجئے نگر کالونی میں موجود اقامتی اسکول کے 32 طلبا کو آج صبح سمیت غذا کی شکایت پر دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ نیلوفر ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ مرلی کرشنا نے میڈیا کو بتایا کہ دواخانہ میں 32 طلبا کو شریک کیا گیا ہے جنہوں نے سر درد ‘ پیٹ درد اور قئے کی شکایت کی تھی ۔ ان طلبا کا ان کی تکلیف کے مطابق علاج کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ طلبا مستحکم حالت میں ہیں تاہم انہیں 24 گھنٹوں تک نگرانی میں رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبا کو جو شکایت درپیش ہوئی ہے اس کی وجوہات کا رپورٹ ملنے کے بعد ہی پتہ چل سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیلوفر دواخانہ طلبا کے بہتر سے بہتر علاج کیلئے تمام سہولیات دستیاب ہیں اور کوئی کمی نہیں ہے ۔