گروگرام میں گائے کو چکن موموز کھلانے والا یوٹیوبر گرفتار

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔ 10 ڈسمبر (ایجنسیز) گروگرام میں ایک حیران کن واقعہ نے مقامی عوام، ہندو تنظیموں اور گؤ رکشا گروپس میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی، جب 28 سالہ یوٹیوبر رتیک چندنا نے گائے کو چکن بھرے موموز کھلائے اور اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔ ملزم نیو کالونی کا رہائشی ہے اور ویڈیو سامنے آتے ہی مختلف طبقات نے اسے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا عمل قرار دیا۔ وائرل ویڈیو میں رتیک کو گائے کے منہ میں چکن موموز ڈالتے دیکھا گیا، جس کے بعد مقامی گؤ رکشا دل کے کارکنان فوری حرکت میں آئے۔ وہ نوجوان کے گھر پہنچے اور اس سے بازپرس کی۔ رپورٹ کے مطابق رتیک نے پہلے مزاحمت کی اور یہاں تک کہ یہ دھمکی دی کہ وہ رات میں لائیو جا کر دوبارہ یہی حرکت کرے گا۔ تاہم کارکنان نے اسے پکڑ کر نیو کالونی پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی موجودگی میں رتیک نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں اس نے معافی مانگی اور اعتراف کیا کہ اس کے عمل سے عوامی جذبات مجروح ہوئے۔ پولیس کے مطابق یہ حرکت سوشل میڈیا کی شہرت اور پیسہ کمانے کے مقصد سے کی گئی تھی، لیکن اس کے سنگین سماجی نتائج سامنے آئے۔ گؤ رکشا گروپ نے معاملے کی شکایت سیکٹر 56 تھانے میں درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ایک اور نوجوان نے بھی رتیک کو اس عمل کیلئے اکسانے کا کام کیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف جانوروں سے بے رحمی اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔گروگرام پولیس نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ وہ ایسے واقعات کے خلاف سخت اقدامات کرے گی اور مذہبی جذبات و جانوروں کی فلاح دونوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔