’’گرو اور چیلے ‘‘ کا اقتدار عنقریب ختم : مایاوتی

,

   

مودی سرمایہ داروں کے چوکیدار ، بی ایس پی اور ایس پی کی جونپور میں انتخابی مہم
جونپور ۔7مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی اور ایس پی نے وزیراعظم نریندر مودی کو سرمایہ داروں کاچوکیدار قرار دیتے ہوئے ادعا کیا کہ یہ دونوں حلیف جماعتیں حکمراں جماعت کی جڑوں کو دہلا کر رکھ دیں گی ۔ جونپور اور مچھلی شہر حلقوں میں اپنے امیدواروں کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی مخالف دلت جماعتیں ہیں۔ یوپی مہا گٹھ بندھن کے امیدواروں کی تائید میں جونپور اور مچھلی شہر امیدواروں کی تائید میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے صدر بی ایس پی مس مایاوتی نے اپنی تقریر میں یہ الزام عائد کیا۔ وہ بھدوہی کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحاد اتنا طاقتور ہے کہ یوپی کے 2022ء اسمبلی انتخابات تک قائم رہے گا اور یوگی بابا کو واپس مٹھ بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لئے بغیر یہ تبصرہ کیا۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اتحاد ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتی ہے، لیکن ذرائع ابلاغ نے اس کا پردہ فاش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بھگوا پارٹی کو منہ توڑ جواب دیا گیا جو موجودہ انتخابات کے بعد اقتدار سے بے دخل ہوجائے گی۔ مودی نے غریبوں اور اوسط طبقہ سے 2014ء کے انتخابات میں جو وعدے کئے تھے، ان میں سے ایک کی بھی تکمیل نہیں کرسکے۔ دہشت گرد حملے اب بھی ہورہے ہیں، اور حکومت فوج کی دلیری کا استحصال کررہی ہے۔ مودی کو سرمایہ داروں کا چوکیدار قرار دیتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے دولت مندوں کو مزید دولت مند بننے میں مدد دی ہے۔ جی ایس ٹی اور نوٹوں کی تنسیخ صرف ’’بدعنوانی کا ایک ذریعہ‘‘ تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں دلت دشمن پارٹیاں ہیں۔ بی جے پی نے ایسے امیدوار کھڑے کئے ہیں جو جھوٹ بولتے ہیں، ہمارا اتحاد بی جے پی کی بیخ کنی کردے گا۔