نمائش میدان پر وشال دیوان پنجاب کے فنکاروں نے گربانی کیرتن پیش کیا
حیدرآباد ۔15۔نومبر (سیاست نیوز) گرونانک کے یوم پیدائش کے موقع پر حیدرآباد میں 555 ویں پرکاش پوربھ تقاریب کا عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ سکھ مت کے بانی گرونانک کے یوم پیدائش کے موقع پر حیدرآباد و سکندرآباد کی پربندھک کمیٹیوں نے مختلف پروگرام منعقد کئے تھے۔ تقاریب کے دوران مقدس جلوس کے علاوہ گربانی کیرتن اور گرو کا لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ پربندھک کمیٹی گردوارہ صاحب سکندرآباد اور گردوارہ گرو سنگھ سبھا اشوک بازار کی جانب سے منعقدہ پروگراموں میں 25,000 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ وشال دیوان پروگرام کا نمائش میدان پر انعقاد عمل میں آیا۔ پربندھک کمیٹی کے صدر بلدیو سنگھ بگا ، ستویندر سنگھ بگا ، ایس جسپال سنگھ ، جگموہن سنگھ ، ہرپریت سنگھ اور جوگیندر سنگھ نے بتایا کہ سکھ برادری کی جانب سے دونوں شہروں میں کئی پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ پنجاب اور دیگر مقامات سے تعلق رکھنے والے راگی جتھا کی جانب سے گربانی کیرتن کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر گرو نانک کے انسانیت کے پیام کو عام کرنے کا عہد کیا گیا۔ ہزاروں افراد کیلئے گرو کا لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ 1