حیدرآباد۔ 10جنوری (سیاست نیوز) سکھ مت کے دسویں گرو گوبند سنگھ کی یوم پیدائش کے موقع پر سکھ برادری کی جانب سے منظم کئے جانے والے مرکزی جلوس کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی جانب سے تحدیدات عائد کئے جارہے ہیں۔ یہ تحدیدات جمعہ کو سہ پہر 3 تا رات 11 بجے نافذ رہیں گی۔ جلوس کا آغاز سنٹرل گردوارہ، گولی گوڑہ، افضل گنج سے ہوگا جس کی وجہ سے سی بی ایس تا افضل گنج ہونے والی ٹریفک کا رخ سالارجنگ بریج روٹری کی سمت کردیا جائے گا۔ اسی طرح پتلی باؤلی تا شنکر شیر ہوٹل آنے والی ٹریفک کا رخ رام مندر روڈ کردیا جائے گا۔ مرکزی جلوس افضل ٹی جنکشن پہنچنے اور سدی عنبر بازار مسجد کی طرف آگے بڑھنے کے دوران ٹریفک کا رخ افضل گنج اسٹیٹ لائبریری، سالار جنگ بریج ، سی بی ایس، رنگ محل کی جانب موڑ دیا جائے گا جبکہ مرکزی جلوس رنگ محل جنکشن پہنچنے پر ٹریفک کا رخ چادر گھاٹ سے جام باغ آنے والی ٹریفک کا رخ رنگ محل جنکشن سی بی ایس اور ایس جے بریج کی سمت کردیا جائے گا۔ آخری مرحلے میں مرکزی جلوس شانتی فائر ورکس افضل گنج پہنچنے پر معظم جاہی مارکٹ کی سمت جانے والی ٹریفک کا رخ فیل خانہ، توپ خانہ، الاسکا ، مالا کنٹہ کی سمت کردیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گرو گوبند سکھ کی یوم پیدائش تقاریب و جلوس کے موقع پر قبل از وقت روانہ ہوکر متبادل راستے اختیار کریں۔