گریجن طبقہ کے حملے میں زخمی بیٹ آفیسر کی عیادت

   

کاماریڈی :ضلع کلکٹر مسٹر جتیش وی پاٹل نے کاماریڈی ضلع کے کنڈہ پور میں گریجن طبقہ کے حملہ میں زخمی ہونے والے بیٹ آفیسر فیروز خان ، مہیش کی دواخانہ پہنچ کر عیادت کی ۔ واضح رہے کہ یلاریڈی بیٹ آفیسر فیروز خان اور مہیش کنڈہ پور کے علاقہ میں جنگلات کی اراضی کو قبضہ کرنے کی اطلاع ملنے پر یہاں پر پہنچ گئے تھے جس پر ان دونوں پر گریجن طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے حملہ کیا تھا اور یہ شدید زخمی ہونے پر انہیں دواخانہ میں شریک کروایا گیا تھا اس بات کی اطلاع پر ضلع کلکٹر جتیش وی پاٹل ، ڈی ایف او نکیتا دواخانہ پہنچ کر ان دو عہدیداروں کی عیادت کی اور ان سے تفصیلات حاصل کی ۔ ضلع کلکٹر جتیش وی پاٹل نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2005 ء سے قبل جنگلات کی زمین پر قبضہ کرتے ہوئے کاشت کرنے کی صورت میں ان کا جنگلات کے حقوق کمیٹی کے ذریعہ انتخاب کرتے ہوئے انصاف کیا جائے گا ،لیکن اس طرح کے حملوں کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ جنگلات کی اراضی پر غیر مجاز قبضہ کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ جنگل کی کٹوتی کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ ریونیو ، پولیس ، جنگلات اور پنچایت راج کے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کام کررہی ہے ۔ اس موقع پر ڈی ایف او نکیتا نے کہا کہ محکمہ جنگلات سے وابستہ ملازمین جنگل کی اراضی کے تحفظ کیلئے شب و روز مصروف ہے ۔ غیرمجاز قبضہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور اس طرح فرائض کی انجام دہی میں مصروف عہدیداروں پر حملہ کرنا سراسر غلط ہے ۔ جنگلات حقوق کمیٹی کے ذریعہ درخواستیں حاصل کرتے ہوئے انصاف کیا جائیگا ۔ حملہ آوروں کے گاڑیوں کو بھی سیز کرلیا گیا ۔