گریجن طبقہ کے نوجوان کو اذیت رسانی ، سب انسپکٹر کا تبادلہ

   

سوریاپیٹ میں افسوسناک واقعہ ، ریونت ریڈی کا احتجاج
حیدرآباد۔12۔نومبر (سیاست نیوز) سوریا پیٹ میں گریجن طبقہ کے ایک شخص کو پولیس کی جانب سے بری طرح اذیت دیئے جانے کا معاملہ سیاسی رنگ اختیار کرچکا ہے۔ حال ہی میں ایک دلت خاتون کی پولیس حراست میں موت کے بعد گریجن طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص کا یہ معاملہ اپوزیشن کی جانب سے شدت کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے۔ اپوزیشن کی تنقیدوں کے بعد حکومت نے آتماکور پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر کا تبادلہ کردیا ہے۔ لنگم نامی سب انسپکٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے سرقہ کے مبینہ جرم میں گرفتار کئے گئے ایک شخص کو بری طرح اذیت دی ہے۔ گریجن طبقہ کے عوام نے آتماکور پولیس کے روبرو احتجاج منظم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ماہ آتماکور منڈل کی شراب کی ایک دکان میں چوری کا ایک واقعہ پیش آیا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے راموجی تانڈہ سے تعلق رکھنے والے ویرا شیکھر کو حراست میں لیا ۔ پولیس اسٹیشن میں تفتیش کے دوران اسے بری طرح اذیت دی گئی۔ زخمی شخص کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کرنا پڑا جس کے بعد یہ معاملہ میڈیا پولیس ظلم کے طور پر پیش کیا گیا۔ 200 سے زائد گریجن طبقہ کے عوام اور زخمی ویرا شیکھر کے گھر والوں نے پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے سب انسپکٹر پر اذیت رسانی کا الزام عائد کیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ٹوئیٹر پر اس واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے دلتوں اور گریجن طبقات پر مظالم کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے فوری کارروائی کی اپیل کی۔ تنازعہ کے شدت اختیار کرنے کے بعد حکومت نے سب انسپکٹر کا تبادلہ کردیا ہے۔ ر