نظام آباد: 26؍ فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کریم نگر، نظام آباد، عادل آباد، میدک کے قانون ساز کونسل کے اساتذہ اور گریجویٹس حلقہ انتخابات کے پولنگ انتظامات کے تحت عملے کو انتخابی سامان کی تقسیم کے لیے قائم کیے گئے ڈسٹری بیوشن سنٹر کا نظام آباد ضلع انتخابی افسر و کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے آج دورہ کیا۔ نظام آباد ڈویژن کے لیے نظام آباد آر ڈی او آفس کے احاطے میں قائم کردہ ڈسٹری بیوشن سنٹر میں انتخابی سامان کی تقسیم کے طریقہ کار کا کلکٹر نے موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ڈسٹری بیوشن سنٹر میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کرنے کے بعد کلکٹر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ پینے کے پانی، میڈیکل کیمپ، ناشتہ، کھانے کے انتظامات، شامیانے اور دیگر تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ کلکٹر نے پی او، اے پی او، او پی او پر مشتمل ٹیموں کی حاضری کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بیلٹ ووٹنگ کے طریقہ کار، لے جانے والے بیالٹ پیپرز اور پولنگ میٹریل کے متعلق تجرباتی مظاہرہ بھی مشاہدہ کیا۔کلکٹر نے عملے کو ہدایت دی کہ انتخابی سامان کو کسی بھی قسم کی کمی یا الجھن کے بغیر مکمل طور پر فراہم کیا جائے۔ چیک لسٹ کی بنیاد پر پولنگ میٹریل کی دستیابی کی جانچ کرنے کی ہدایت بھی دی۔ پولنگ عملے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے لیے آر ٹی سی بسوں کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ تمام عملہ بروقت متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر پہنچے۔کلکٹر نے ہدایت دی کہ اگر پولنگ میٹریل کی ترسیل میں کسی بھی قسم کی پریشانی پیش آئے تو فوری طور پر اطلاع دی جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں 81 پولنگ اسٹیشنز پر جمعرات کی صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک رائے دہی جاری رہے گی۔