31 کروڑ کے اثاثوں کے مالک، بی جے پی وکانگریس امیدواروں نے بھی تفصیلات داخل کیں
حیدرآباد: گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے امیدواروں میں ٹی آر ایس کے ای راجیشور ریڈی سب سے زیادہ دولتمند امیدوار ہیں۔ راجیشور ریڈی نے 31.5 کروڑ کے اثاثہ جات کا الیکشن کمیشن سے انکشاف کیا ہے ۔ وہ نلگنڈہ ، کھمم اور ورنگل پر مشتمل گریجویٹ نشست کیلئے مقابلہ کر رہے ہیں۔ راجیشور ریڈی کی فیملی انکم سالانہ 1.52 کروڑ ہے۔ ان کی اہلیہ اور دو فرزندان 13 کروڑ کی منقولہ اور 18.5 کروڑ مالیتی غیر منقولہ جائیدادوں کے مالک ہیں ۔ راجیشور ریڈی کی وٹی ناگولا پلی میں زرعی اراضی ہے، اس کے علاوہ بنجارہ ہلز ، سودیش پلی اور ملی کندرا ضلع ورنگل میں پلاٹس موجود ہیں۔ عنبر پیٹ میں ایک فلیٹ کے علاوہ باغ عنبر پیٹ میں رہائشی مکان اور نندگری ہلز میں رہائی عمارت کے مالک ہیں۔ ان کے دونوں بچوں کی جنگاؤں اور معین آباد میں اراضی موجود ہے۔ راجیشور ریڈی عثمانیہ یونیورسٹی سے فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حامل ہیں۔ وہ تلنگانہ رعیتو بندھو سمیتی کے صدرنشین ہیں۔ گزشتہ کونسل انتخابات میں وہ منتخب ہوئے تھے اور پارٹی نے انہیں دوسری مرتبہ امیدوار بنایا ہے ۔ محبوب نگر ، رنگا ریڈی اور حیدرآباد حلقہ سے کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر جی چنا ریڈی پر 5 مقدمات زیر دوران ہیں جن میں سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ بھی شامل ہیں ۔ وہ 13 لاکھ روپئے مالیتی جائیداد کے مالک ہیں۔ انہوں نے زراعت کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے ۔ اس کے علاوہ وہ ایل ایل بی کی ڈگری رکھتے ہیں۔ ورنگل ، کھمم اور ورنگل حلقہ کے بی جے پی امیدوار جی پرمیندر ریڈی 3.6 کروڑ مالیتی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کے مالک ہیں۔ انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی سے ایم اے کی تکمیل کی اوربعد میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ۔ پرمیندر ریڈی 86 لاکھ کے مقروض ہیں۔ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ کے کانگریس امیدوار راملو نائک 1.4 کروڑ مالیتی جائیداد کے مالک ہیں۔ حیدرآباد نشست کے بحیثیت آزاد امیدوار پروفیسر ناگیشور راؤ اور ان کی اہلیہ 4 کروڑ مالیتی جائیداد رکھتے ہیں۔ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ آف جرنلزم میں پروفیسر ہیں۔