گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات ‘امیدواروں پرالیکشن کمیشن کی پابندیاں

   

۔5 افراد کے ساتھ مہم کی اجازت، کورونا قواعد کی سختی سے عمل آوری لازمی
حیدرآباد۔ الیکشن کمیشن نے گریجویٹ زمرہ ایم ایل سی نشستوں کی انتخابی مہم کیلئے امیدواروں پر کورونا کے پیش نظر پابندیاں عائد کی ہیں ۔ امیدواروں کو صرف 5 افراد کے ساتھ انتخابی مہم اور ووٹرس سے ملاقات کی اجازت رہیگی۔ کمیشن نے کہا کہ کوئی امیدوار 5سے زائد افراد کے ساتھ سفر نہیں کرپائیگا۔ روڈ شو میں 5 گاڑیوں کے استعمال کی اجازت رہیگی۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر 2 گاڑیوں کے ساتھ امیدوار پہنچ سکتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو ریالی اور جلسوں کیلئے حکام سے پیشگی اجازت لینی ہوگی۔ تشہیر و اشتہارات کیلئے میڈیا سرٹیفکیشن مانیٹنر کمیٹی سے اجازت لینی ہوگی۔ اشتہار کی منظوری کے بعد جاری کیا جاسکتا ہے۔ اخراجات کی حد مقرر نہیں کی گئی ہے تاہم امیدواروں کو ریٹرننگ آفیسرس کو اخراجات کی تفصیلات داخل کرنی ہونگی۔ کمیشن کی جانب سے 80 سال سے زائد عمر کے ووٹرس معذورین و کورونا مریضوں کیلئے پوسٹل بیالٹ فراہم کئے جائیں گے ۔ اس دوران الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس میں گریجویٹ انتخابات مہم کے قواعد سے واقف کرایا۔ کمیشن نے بتایا کہ بیالٹ پیپر پر امیدوار کا نام، تصویر اور پارٹی کا نام شامل رہیگا۔ محبوب نگر، رنگاریڈی اور حیدرآباد گریجویٹ نشست کیلئے 791 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے جارہے ہیں۔ 23 فروری بجز اتوار پرچہ جات نامزدگی قبول کئے جائیں گے۔ نامزدگی کے ادخال کیلئے صرف 2 افراد کو آفس میں داخلہ کی اجازت رہے گی۔