ڈپلیکیٹ ووٹوں کے اخراج اور رہائش گاہوں کے قریب پولنگ اسٹیشنس مختص کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد، 26 نومبر (سیاست نیوز)تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے پی راجیش کی قیادت میں ایک وفد نے آج چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے گریجویٹ ایم ایل سی حلقوں کی مسودہ انتخابی فہرستوں میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کی فوری تصحیح کا مطالبہ کیا۔ وفد میں اسٹیٹ ایس آئی آر کوآرڈینیٹر جی وینو اور راگھویندر بھی شامل تھے۔وفد نے سی ای او کو پیش کردہ یادداشت میں نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ گریجویٹ ایم ایل سی حلقوں کے انتخابی فہرستوں کے مسودہ میں متعدد ووٹرس کو ان کے گھروں کے قریب کے مراکز کے بجائے رہائش گاہوں سے 10 تا 14 کلومیٹر دور پولنگ اسٹیشنس الاٹ کر دیے گئے ہیں۔ کانگریس قائدین نے مطالبہ کیا کہ ووٹرس کو غیر ضروری تکلیف سے بچانے اور حق رائے دہی کے آسان استعمال کو یقینی بنانے کے لیے انہیں ان کے متعلقہ رہائشی علاقوں کے قریب پولنگ اسٹیشنس مختص کیے جائیں۔وفد نے انتخابی فہرستوں کے مسودہ میں ڈپلیکیٹ اندراجات کی موجودگی کی جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متعلقہ بوتھ لیول آفیسرس کے ذریعہ ہر فہرست کی تصدیق کروائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ڈپلیکیٹ ووٹرس کے اندراجات اور دیگر تضادات کی نشاندہی کر کے مقررہ انتخابی طریقہ کار کے تحت انہیں حذف کیا جائے تاکہ شفاف، درست اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستوں کی تیاری کے ساتھ تمام اہل گریجویٹس کے حق رائے دہی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔-2