گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کیلئے پار ٹی کیڈر کو اتم کما ر ریڈی کی ہدایات

   


زوم ایپ کے ذریعہ 6 اضلاع سے ربط ، کانگریس امیدواروں کی کامیابی کا یقین
حیدرآباد: صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے پارٹی کیڈر سے اپیل کی کہ وہ گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں کانگریس امیدواروںکی کامیابی کے لئے جدوجہد کریں۔ اتم کمار ریڈی نے آج زوم ایپ کے ذریعہ دونوں ایم ایل سی حلقوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے دونوں حلقہ جات میں پارٹی کی انتخابی مہم کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور کے علاوہ اسمبلی ٹاؤن اور منڈل سطح کے عہدیداروں اور محاذی تنظیموں کے قائدین نے اجلاس میں آن لائین شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے دونوں امیدوار چنا ریڈی اور راملو نائک کلین امیج رکھتے ہیں اور انہیں عوامی زندگی کا وسیع تر تجربہ ہے ۔ دونوں قائدین نے تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا اور ٹی آر ایس اور بی جے پی کے مقابلہ یہ دونوں منتخب ہونے کے زیادہ حقدار ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں مرکزی و ریاستی حکومت نوجوانوں بالخصوص بیروزگاروں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے امیدوار راجیشور ریڈی کئی تعلیمی ادارے چلاتے ہیں اور حکومت نے خانگی یونیورسٹی کی منظوری دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے قائدین اور ورکرس کو ہدایت دی کہ دونوں حلقوں میں رائے دہندوں سے راست طورپر ملاقات کریں اور ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ناکامیوں کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں رائے دہندوں میں بھاری رقومات تقسیم کرنے اور اقتدار کے بے جا استعمال کی تیاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور طلبہ کو چاہئے کہ وہ دونوں پارٹیوں کو سبق سکھانے کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں۔ تلنگانہ میں ایک لاکھ 90 ہزار سرکاری جائیدادیں مخلوعہ ہیں لیکن چیف منسٹر کو جائیدادوں پر بھرتی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں کانگریس کو سرکاری ملازمین ، اساتذہ ، طلبہ اور نوجوانوں کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے اور دونوں امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے ۔