گریجویٹ ایم ایل سی نشست پر جیون ریڈی کو دوبارہ امیدوار بنانے متفقہ قرارداد

   

مہیش کمار گوڑ نے چار اضلاع کے قائدین سے مشاورت کی، گریجویٹ رائے دہندوں سے ربط قائم کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔28۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے نظام آباد ، عادل آباد ، میدک اور کریم نگر اضلاع پر مشتمل قانون ساز کونسل کی گریجویٹ نشست کے مجوزہ انتخابات پر پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، ڈی سریدھر بابو ، کونڈا سریکھا ، حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر ، چاروں اضلاع کے ضلع کانگریس صدور اور سینئر قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ گریجویٹ کونسل نشست کے موجودہ ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی بھی اجلاس میں شریک ہوئے اور انتخابات کے مسئلہ پر اپنی رائے پیش کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ ایک سال میں 50 ہزار سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ کانگریس نے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے بڑے پیمانہ پر تقررات عمل میں لائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ رائے دہندوں میں حکومت کے کارناموں کو پیش کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کے مسئلہ پر چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد پارٹی ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے۔ عوامی نمائندوں اور پارٹی قائدین کو ابھی سے کونسل چناؤ کی تیاری کرنی چاہئے ۔ دیپا داس منشی نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ گریجویٹ رائے دہندوں سے ربط قائم کرتے ہوئے حکومت کے کارناموں سے واقف کرائیں۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء کونڈا سیکھا ، جی سیتکا اور رکن کونسل جیون ریڈی نے بتایا کہ اجلاس میں کونسل گریجویٹ نشست کے چناؤ پر مذاکرات ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ 42 اسمبلی حلقہ جات کے اہم قائدین کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ گزشتہ 10 ماہ میں 53 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے جس کے نتیجہ میں گریجویٹ رائے دہندے حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ گریجویٹ نشست پر کانگریس کی دوسری مرتبہ کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ بہت جلد امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا ۔ نظام آباد ، عادل آباد ، میدک اور کریم نگر میں موجودہ رکن کونسل جیون ریڈی کو دوبارہ ٹکٹ دیئے جانے کیلئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی ۔ یہ قرارداد پارٹی ہائی کمان کو روانہ کی جائے گی ۔ دیپا داس منشی نے امیدوار کے مسئلہ پر ہائی کمان سے مشاورت کا تیقن دیا۔ 1