گریجویٹ ایم ایل سی نشست کی انتخابی مہم میں کے ٹی آر کی شرکت

   

تعلیم یافتہ بمقابلہ بلیک میلر الیکشن، بھونگیر میں گریجویٹ رائے دہندوں سے خطاب
حیدرآباد۔/19 مئی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے گریجویٹ رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ نلگنڈہ ، کھمم اور ورنگل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے ضمنی چناؤ میں امیدواروں کے پس منظر کا جائزہ لینے کے بعد ہی ووٹ دیں تاکہ حقیقی عوامی نمائندہ کو منتخب کیا جاسکے۔ کے ٹی آر نے آج بھونگیر میں بی آر ایس کے امیدوار راکیش ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے گریجویٹ ووٹرس کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنائیں تاکہ تینوں متحدہ اضلاع میں نوجوانوں اور بیروزگاروں کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ووٹ دینے سے قبل پارٹیوں کے ساتھ امیدواروں کی عوامی خدمات اور ان کے پس منظر کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایم ایل سی گریجویٹ نشستوں کے اب تک کے تمام چناؤ میں بی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس حلقہ میں پی راجیشور ریڈی کے استعفی کے باعث ضمنی چناؤ ہورہا ہے۔ راجیشور ریڈی اسمبلی انتخابات میں منتخب ہوئے اور انہوں نے کونسل کی رکنیت سے استعفی دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے 3 میڈیکل کالجس کی منظوری دی اور نلگنڈہ، کھمم اور ورنگل اضلاع کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست کی دو وجوہات تھیں۔ پہلی وجہ ہم نے اپنے کارناموں سے عوام کو واقف نہیں کرایا، دوسرے بعض طبقات سے دوری نے الیکشن میں نقصان پہنچایا۔ گریجویٹ ایم ایل سی نشست چناؤ میں ایک طرف بٹس پلانی میں تعلیم حاصل کرنے والے کے ترقیاتی کام ہیں تو دوسری طرف بلیک میلر اور لابئنگ کرنے والے کا مقابلہ ہے۔ عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں تعلیم یافتہ شخص چاہیئے یا پھر بلیک میلر۔ کے ٹی آر نے کانگریس امیدوار تین مار ملنا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو بلیک میل کرنے والے شخص کو کانگریس نے ٹکٹ دیا ہے۔1