قانون ساز کونسل سے کئی امیدوار وں کے میدان میں اُترنے سے ووٹوں کی تقسیم کا امکان
حیدرآباد۔ ریاست میں ہونے جا رہے گریجویٹ حلقہ کے دونوں حلقہ جات قانون ساز کونسل پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے بھر پور کوشش کی جا رہی ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے خلاف میدان میں موجود امیدوار ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے ضامن ثابت ہوسکتے ہیں۔ حیدرآباد۔ رنگاریڈی۔محبوب نگر کے علاوہ کھمم۔ورنگل ۔نلگنڈہ کے انتخابات کے لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے کی جانے والی کوشش کو اپوزیشن امیدواروں کی جانب سے کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔ ان دونوں حلقہ جات قانون ساز کونسل سے کئی امیدواروں کے میدان میں اترنے کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اسے دیکھتے ہوئے ایسا لگ رہا ہے کہ مخالف حکومت رائے دہندوں کے ووٹوں کی بڑے پیمانے پر تقسیم ہوگی اور حکومت کی جانب سے پی آر سی ‘ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ کے معاملہ میں کی جانے والی کوتاہی اور بے روزگاری جیسے مسائل جو کہ گریجویٹ حلقہ جات قانون ساز کونسل میں اہم مسائل کے طورپر پیش کئے جا رہے ہیں ان پر مخالف حکومت جو لہر ہے وہ منقسم ہونے کا خدشہ ہے اور اس کا راست فائدہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے منتخبہ عوامی نمائندوں کو اس بات کی تاکید کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں عوام کو ٹی آر ایس کے امیدواروں کے حق میں ووٹ کے استعمال کے لئے راغب کروائیں تاکہ دونوں حلقوں سے ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ حیدرآباد۔رنگاریڈی ۔محبوب نگر سے تلنگانہ راشٹر سمیتی نے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر ایس وانی دیوی کو امیدوار بنایا ہے جبکہ کھمم۔ورنگل ۔نلگنڈہ کے لئے رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی کو امیدواربنایا گیا ہے۔ دونوں حلقہ جات قانون ساز کونسل سے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرچکی ہے اور ہر حلقہ سے 50سے زائد امیدواروں کی موجودگی کے سبب اپوزیشن جماعتو ںکے امیدواروں کے علاوہ آزاد امیدواروں کی جانب سے اپنے اپنے حلقہ اثر میں ووٹ حاصل کئے جانے کا امکان ہے اور اتنی بڑی تعداد میں امیدواروں کی موجودگی کے سبب جو ووٹ تقسیم ہوں گے اس کا راست فائدہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اپنے امیدواروں کو عوام کے درمیان پیش کرتے ہوئے حاصل کرسکتی ہے۔