گریجویٹ رائے دہندوں میں ایک ووٹ کیلئے 5 تا10 ہزار روپئے کی تقسیم،اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون کا الزام

   

حیدرآباد۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے ایم ایل سی انتخابات کے رائے دہندوں میں ٹی آر ایس کی جانب سے 5 تا10 ہزار روپئے فی ووٹ تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے تمام غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقے استعمال کئے گئے۔ دولت اور شراب کی تقسیم دونوں حلقہ جات میں عروج پر رہی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سیاست کو کارپوریٹ بزنس میں تبدیل کردیا ہے اور سرپنچ سے لیکر ارکان پارلیمنٹ تک ووٹ حاصل کرنے کیلئے رائے دہندوں کو خریدنے کا رجحان عام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں کی جانوروں کی طرح خرید و فروخت کی جارہی ہے اور الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ رائے دہندے جو تعلیم یافتہ ہوتے ہیں ان کے ساتھ ٹی آر ایس حکومت کا رویہ غیر ہمدردانہ رہا جس کے نتیجہ میں نوجوانوں نے حکومت کے خلاف ووٹ دیا۔