گریجویٹ زمرہ کی نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کے ناموں پر غور

   


قائدین کے ساتھ مانکیم ٹیگورکا اجلاس، 7 رکنی کمیٹی کا قیام
حیدرآباد: تلنگانہ میں گریجویٹ زمرہ کے دو ایم ایل سی نشستوں کے امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی حکمت عملی کے سلسلہ میں اے آئی سی سی کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور نے دو روزہ مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ مانکیم ٹیگور نے آج گاندھی بھون میں کھمم ، نلگنڈہ اور ورنگل کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ایم ایل سی الیکشن میں پارٹی کے امکانات کا جائزہ لیا ۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو ، رکن کونسل جیون ریڈی ، سابق صدرپردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، تینوں اضلاع کے صدور اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں امکانی امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا ۔ مانکیم ٹیگور نے دونوں حلقوں کے امیدواروں کے سلسلہ میں ناموںکی سفارش کرنے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ رکن کونسل جیون ریڈی ہوں گے۔ ارکان میں اتم کمار ریڈی ، بھٹی وکرمارکا ، ریونت ریڈی ، پونم پربھاکر ، کسم کمار اور محمد اظہرالدین کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی ہائی کمان کو موزوں امیدواروں کے ناموں کی سفارش کرے گی۔ اسی دوران مانکیم ٹیگور کھمم اور ورنگل کے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں قائدین سے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے 6 فروری کو کھمم میونسپل کارپوریشن اور 7 فروری کو ورنگل میونسپل کارپوریشن کی بوتھ کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ توقع ہے کہ مانکیم ٹیگور کی دہلی واپسی کے بعد ہائی کمان امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گا ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر نشست کے اہم دعویداروں میں ڈاکٹر جی چنا ریڈی ، سمپت کمار اور ومشی چند ریڈی شامل ہیں جبکہ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ نشست کیلئے سابق رکن کونسل راملو نائک کا نام زیر غور ہے۔