گریجویٹ فہرست رائے دہندگان کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

   

الیکشن کمیشن کو کانگریس کا مکتوب
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے گریجویٹ زمرہ کی کونسل نشستوں کیلئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی مہلت میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی اور کنوینر جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کو مکتوب روانہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے گریجویٹ افراد کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے لئے 6 نومبر کی مہلت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ محبوب نگر ، رنگا ریڈی اور دیگر اضلاع میں سیلاب اور بارش کی تباہ کاریوں سے عوام پریشان ہیں۔ لاکھوں خاندانوں کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ نقصانات سے ابھرتے ہوئے معمول کی زندگی بحال ہونے میں کافی وقت لگے گا۔ ہزاروں مکانات ابھی بھی پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ ہزاروں خاندانوں کے دستاویزات کو نقصان پہنچا۔ کورونا کی صورتحال اور سیلاب کے نقصانات کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی تاریخ میں توسیع کرنی چاہئے ۔ انہوں نے 6 نومبر کے بجائے 30 نومبر تک گریجویٹ افراد کو فارم 18 پر کرنے کی مہلت دینے کی اپیل کی۔