گورنمنٹ پریس میں طباعت کا فیصلہ،23 فروری تک پرچہ جات نامزدگی کا ادخال
حیدرآباد۔ گریجویٹ کونسل نشستوں کے انتخابات میں بیالٹ پیپر گلابی رنگ کا رہے گا۔ 2 نشستوں کیلئے 14 مارچ کو رائے دہی مقرر ہے۔ الیکشن کمیشن نے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کو گلابی رنگ کے بیالٹ پیپرس کی تیاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں سفید رنگ کے بیالٹ پیپرس استعمال کئے گئے تھے۔ عام طور پر بیالٹ پیپرس کی خانگی پرنٹرس کے پاس طباعت عمل میں آتی ہے لیکن ایم ایل سی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے گورنمنٹ پریس میں پرنٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گلابی رنگ کے کاغذ کے بنڈل تیار رکھیں تاکہ پرچہ نامزدگی کے ادخال اور نام واپس لینے کی تاریخ گذرنے کے بعد امیدواروں کی فہرست حوالے کی جائے گی جس کے مطابق بیالٹ پیپر پرنٹ کئے جائیں گے۔ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیئے جانے کے بعد ان کے ناموں اور ان کے انتخابی نشانات کی پھر ایک مرتبہ جانچ کی جائے گی تاکہ پرنٹنگ میں کوئی غلطی باقی نہ رہے۔ مکمل جانچ کے بعد ہی بیالٹ پیپرس کی طباعت کا کام شروع کیا جائے گا۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں سخت ترین نگرانی میں بیالٹ پیپرس رکھے جائیں گے۔ دیگر انتخابات کے مقابلہ میں ایم ایل سی چناؤ میں ووٹ دینے کا طریقہ کار کسی قدر مختلف ہوتا ہے۔ رائے دہندے امیدواروں کے ناموں کے آگے موجود کالم میں ترجیحی بنیادوں پر نشان لگائیں گے۔1,2,3 کی طرح کالم میں لکھا جائے گا تاکہ ترجیحی ووٹ کے اعتبار سے امیدواروں کا شمار کیا جاسکے۔ رائے دہندوں کو بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی پر اِنک کا نشان لگایا جائے گا۔ دونوں اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہندوں کی تعداد5.6 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ رائے دہی کا وقت صبح 8 تا شام 4 بجے رہے گا۔23 فروری تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔