فرقہ پرستی کا خاتمہ اور سیکولرازم کی فتح کے لیے مسلم گریجویٹس اہم رول ادا کریں : محمد فاروق حسین
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ گریجویٹ کوٹہ کونسل انتخابات کے لیے یکم اکٹوبر سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی مہم شروع ہوگئی ہے ۔ انہوں نے اس موقع سے بھر پور استفادہ کرنے کی عوام بالخصوص مسلم گریجویٹس سے اپیل کی ہے ۔ محمد فاروق حسین نے بتایا کہ متحدہ اضلاع ( حیدرآباد ، رنگاریڈی و محبوب نگر) اور متحدہ اضلاع (ورنگل ، نلگنڈہ و کھمم ) کے لیے ماہ مارچ میں انتخابات متوقع ہیں ۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ذی شعور اور ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے آپ کی اخلاقی سماجی ، دستوری و جمہوری ذمہ داری ہے کہ آپ حق رائے دہی سے استفادہ کریں ۔ اس کے لیے آپ کا ووٹر بننا لازمی ہے ۔ یکم اکٹوبر سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کا آغاز ہوگیا ۔ لہذا وہ تمام گریجویٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ ceotelangana.nic.in کے ذریعہ اپنا اور اپنے گریجویٹ ارکان خاندان دوست احباب ، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا آن لائن رجسٹریشن کروائیں تاکہ فرقہ پرست بی جے پی سے حلقہ ( حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر ) سے نشست چھین لیں اور ( ورنگل نلگنڈہ اور کھمم) پر چوتھی مرتبہ ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکیں ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ ریاست میں چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں سیکولر حکومت اقتدار پر ہے ۔ ان دونوں گریجویٹ کوٹہ کے کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے سے ریاست میں سیکولرازم مزید مستحکم ہوگا اور ریاست کی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا ۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل نے عوام سے اپیل کی کہ سوشیل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمس کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹوں کا ووٹر لسٹ میں اندراج ہوسکے ۔۔