گرین لینڈ سے متعلق ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں طویل نیوز کانفرنس

   

واشنگٹن، 21 جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے ایک سال مکمل ہونے پر وائٹ ہاؤس میں طویل نیوز کانفرنس کی جس میں اُنہوں نے امیگریشن، معیشت، نیٹو، اقوامِ متحدہ اور گرین لینڈ کے مستقبل پر کھل کر بات کی۔ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی نیوز کانفرنس کا مرکزِ توجہ گرین لینڈ پر امریکی قبضے کی خواہش اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ کشیدگی رہی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا میں ‘ریوَرس مائیگریشن’ اور ‘اعلیٰ معاشی ترقی’ دیکھی جا رہی ہے ۔ صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر ملاقاتیں طے ہیں اور معاملات ‘اچھی طرح’ طے پا جائیں گے ۔ نیوز کانفرنس کے دوران جب اِن سے پوچھا گیا کہ وہ اس جزیرے کے حصول کے لیے کہاں تک جا سکتے ہیں تو اِن کا مختصر جواب تھا ‘آپ کو پتہ چل جائے گا۔’ٹرمپ نے نیٹو کے مستقبل پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکہ اتحادیوں کے دفاع کے لیے تیار ہے مگر انہیں شک ہے کہ آیا یورپ اور کینیڈا امریکا کے لیے بھی ایسا کریں گے یا نہیں۔ اُنہوں نے نیٹو کے دفاعی اخراجات بڑھانے میں اپنے کردار پر فخر کا اظہار کیا۔ اقوامِ متحدہ سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ اپنی صلاحیتوں پر پورا نہیں اترا۔

غزہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ بنانے کا ارادہ نہیں: ٹرمپ

واشنگٹن، 21 جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا ارادہ نہیں ہے ، اقوام متحدہ کو اپنا کام جاری رکھنے دینا چاہیے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت کو ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کے لیے جتنا کام میں نے کیا ، کسی شخص یا صدر نے نہیں کیا، اگر میں ساتھ نہ دیتا تو آج نیٹو موجود ہی نہ ہوتا اور تاریخ میں راکھ کا ڈھیر بن جاتا ، افسوس ناک لیکن یہ سچ ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ سے متعلق کچھ ایسا کریں گے کہ نیٹو بھی خوش ہو اور ہم بھی۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ غزہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا ارادہ نہیں، اقوام متحدہ کو اپنا کام جاری رکھنے دینا چاہیے ۔ ساتھ ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیرس میں ہونے والے جی 7 اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ سابق وینزوئیلا صدر مادورو سے جیل میں ملاقات کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت کو ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس میں ہند۔پاک جنگ کابھی ذکر کیا ۔اس کے علاوہ ٹرمپ نے کہا کہ سپریم کورٹ ٹیرف سے متعلق کیا فیصلہ دے گی، معلوم نہیں، کیس ہار گئے تو سیکڑوں ارب ڈالر کے ٹیرف واپس کرنا پڑسکتے ہیں، ٹیرف قانونی طور پر نافذ کیے گئے ، وصول شدہ ڈیوٹیز واپس کرنا مشکل ہوگا،کئی لوگ متاثر ہوں گے ۔

اگر ایران نے مجھے قتل کیا تو وہ مکمل تباہ
کردیا جائے گا : ٹرمپ
واشنگٹن:21 جنوری (ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہیکہ اگر ایرانی حکومت نے مجھے قتل کیا تو ان کے ملک کو تباہ کردیا جائے گا۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران جب ٹرمپ سے ایران سے ملنے والی دھمکیوں سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں وہ ایسا کچھ نہیں کرینگے تاہم میں نے اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن پہلے ہی تیار کر رکھا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کی جانب سے مجھے قتل کیا گیا تو امریکہ ایران کو مکمل طور پر تباہ کردے گا۔ایک حالیہ بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا تھا کہ ایران میں حالیہ مظاہروں کے دوران اموات اور نقصانات کیلئے امریکی صدر ٹرمپ ذمہ دارہیں۔دوسری جانب چند روز قبل ایک سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کرینگے۔