واشنگٹن ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کل ازراہ مذاق ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ گرین لینڈ میں اپنی کوئی ہوٹل تعمیر نہیں کریں گے۔ یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل ہی انہوں نے ڈنمارک کے جزیرہ گرین لینڈ کو خریدنے کی تصدیق کی تھی ۔ انہوں نے ایک تخیلی تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے گولڈن ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل لاس ویگاس کی عمارت کو ایک چٹانوں سے گھری ہاؤسنگ کالونی میں آسمانوں سے بات کرتے ہوئے دکھایا تھا لیکن انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ وہ اس بات کا وعدہ کرتے ہیں کہ وہ ایسا نہیں کریں گے ۔ ٹرمپ کے فرزند ایرک نے بھی انسٹاگرام پر ٹرمپ کے اسی ٹوئیٹ کو شیئر کیا ۔ گرین لینڈ کا رقبہ اٹھاویں صدی میں 2 ملین مربع کیلو میٹر پر محیط تھا لیکن اب یہاں صرف 57000 افراد سکونت پذیر ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق مقامی انوئیٹ کمیونٹی سے ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ گرین لینڈ کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وسائل سے مالا مال اس جزیرہ میں کارو بار سے متعلق بات چیت کے دروازے کھلے ہیں لیکن جزیرہ برائے فروخت نہیں ہے ۔
