کانپور۔ گنگا کے کنارے واقع گرین پارک میدان ہندوستان کی ٹیم کے لیے مجموعی طور پر خوش قسمت میدان ثابت ہوا ہے جہاں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ25 نومبر کو شروع ہورہا ہے۔1952 سے اب تک ہندوستانی ٹیم نے گرین پارک میں جملہ22 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں ہندوستان نے سات جیتے ہیں جبکہ تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں اسے ویسٹ انڈیز کیخلاف دواور انگلینڈ کے خلاف ایک میں شکست ہوئی ہے ۔ باقی12 میچوں میں ہارجیت کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ فتوحات کی بات کی جائے تو ہندوستانی ٹیم نے یہاں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کو دو دو مرتبہ شکست دی ہے اور2009 میں ٹیم نے سری لنکا کے خلاف اننگز اور144 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔گرین پارک گراؤنڈ میں ایک اننگز میں بہترین اسکورکا ریکارڈ بھی ہندوستان کے پاس ہے ۔1986 میں ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف سات وکٹ پر676 رنز بنائے تھے ، حالانکہ یہ ٹسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔ ونڈے میچوں میں بھی ہندوستان کا سکہ گرین پارک پر چل چکا ہے ۔2017 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ونڈے میچ میں ہندوستان نے یہاں 337 رنزکا بڑا اسکورکھڑا کیا تھا اور جیت حاصل کی تھی۔نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں ہندوستان کی ٹیم نے دو میچ جیتے ہیں جبکہ ایک ڈرا ہوا ہے ۔2004 میں ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ2016 میں ٹیم کو اس گراؤنڈ پر500 واں ٹسٹ197 رنز سے جیتنے کا تحفہ ملا تھا۔ نیوزی لینڈکی ٹیم نے اس گراؤنڈ پر واحد ونڈے میچ کھیلاہے جس میں اسے چھ رنز سے سنسنی خیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اگرچہ25 نومبر سے یہاں شروع ہونے والے ٹسٹ میچ میں زیادہ تر ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک یہ نیا میدان ہوگا، لیکن ریکارڈ کے لحاظ سے ہندوستانی ٹیم بڑھتے ہوئے حوصلے کے ساتھ میدان پر جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کے لیے اترے گی۔