واشنگٹن ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں حالیہ دنوں میں جاری کئے گئے تازہ ترین سرکاری ڈیٹا سے یہ بات سامنے آئی ہیکہ اس وقت 2,27,000 ہندوستانی ایسے ہیں جو فیملی اسپانسرڈ گرین کارڈ یا امریکہ میں قانونی طور پر مستقل رہائش اختیار کرنے کے منتظر ہیں۔ سالانہ طور پر کانگریشنل حدود 226,000 فیملی اسپانسرڈ گرین کارڈ کے برعکس چار ملین افراد اس کے حصول کیلئے قطار میں ہیں جن میں سب سے زیادہ ’’ویٹ لسٹ‘‘ والا ملک امریکہ کا پڑوسی میکسیکو ہے جہاں فیملی اسپانسرڈ گرین کارڈ کیلئے 1.5 ملین افراد منتظر ہیں جبکہ 227,000 افراد کے ساتھ ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے اور 180,000 افراد کے ساتھ چین تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ’’ویٹ لسٹ‘‘ میں موجود اکثریت امریکی شہریوں کے رشتہ داروں کی ہے۔ موجودہ قوانین کے مطابق امریکی شہری اپنے قریبی خونی رشتہ داروں اور دیگر قریبی رشتہ داروں کو گرین کارڈ کے حصول کیلئے اسپانسر کرسکتے ہیں جبکہ امریکی صدر ٹرمپ اس نوعیت کی رعایت کے شدید مخالف ہیں جسے انہوں نے ’’چین (Chain) امیگریشن‘‘ کا نام دے رکھا ہے اور اسے ختم کرنا چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی اس طریقۂ کار کو ختم کرنے کی شدید مخالف ہے۔