گرین ہائیڈروجن مستقبل میں گاڑیوں کیلئے فیول ہوگا : نتن گڈکری

   

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نتن گڈکری نے کل کہاکہ ایک درجن متبادل فیولس ہیں جیسے بائیو ۔ ڈیزل، قدرتی گیس، ایتھنول، میتھین، پروپین، الیکٹرسٹی اور ہائیڈروجن۔ فی الوقت ڈیولپ کیا جارہا ہے تاکہ مستقبل میں گاڑیوں کیلئے ان کے ذریعہ فیول فراہم کیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ ’گرین ہائیڈروجن‘ مستقبل کا فیول ہوگا۔ ایف آئی سی سی آئی لیڈیز آرگنائزیشن (ایف ایل او) کے حیدرآباد چیاپٹر کے زیراہتمام شمس آباد میں خاتون انٹرپرینئرس کو آگے بڑھانے کے زیرعنوان خواتین انٹرپرینئرس کے ایک اجتماع سے مخاطب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ ہندوستان کو ان متبادل فیولس کیلئے نہ صرف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ میں قائدانہ رول ادا کرنا ہوگا بلکہ انھیں کافی مقدار میں پیدا کرنا اور برآمد بھی کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ 2025 ء تک ملک کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے وزیراعظم نریندر مودی کے ویژن کو پورا کرنے کیلئے ہمیں بہتر ٹیکنالوجیز کی ضرورت ہے اور اس کیلئے پیداوار میں اضافہ کرنا ہوگا اور برآمدات میں بھی اضافہ کرنا ضروری ہے۔ ریسرچ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بہتر نتائج کے حصول کیلئے ایک واضح ویژن اور سیاسی قوت ارادی کا ہونا نہایت ضروری ہے۔ ایک اسٹوڈنٹ لیڈر سے جنتا پارٹی اور پھر بی جے پی میں شامل ہونے تک ان کے سیاسی سفر کے بارے میں بتاتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ سیاست کے حقیقی معنی محض اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ ملک اور قوت کی خدمت کرنا ہے۔