گریٹرحیدرآباد میں سربراہی آب کا موقف بہتر بنانے چیف سکریٹری کی ہدایت

   

محکمہ جات کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس، شہر کو سربراہی آب سے متعلق پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے گریٹر حیدرآباد میں پانی کی مؤثر سربراہی اور آنے والے دنوں میں کسی بھی امکانی قلت سے نمٹنے کے مسئلہ پر مختلف محکمہ جات کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری کو شہر میں سربراہی آب کے مسئلہ پر متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آئندہ موسم گرما کے دوران سربراہی آب کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو، اُس کے لئے ابھی سے محکمہ جات ایکشن پلان تیار کریں۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں چیف سکریٹری نے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے مانجرا، سنگور، گوداوری فیز II اور فیز III کے کاموں کا جائزہ لیا جس کے تحت حیدرآباد کو سربراہی آب کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے پراجکٹ کی تکمیل کے لئے اراضی کے حصول اور پائپ لائن بچھانے کے کاموں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ محکمہ جات آبپاشی، ریونیو، جنگلات اور عمارات و شوارع کے عہدیداروں نے پائپ لائن بچھانے کے کاموں کی پیشرفت سے چیف سکریٹری کو واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ پراجکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانا چاہئے۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری محکمہ آبپاشی راہول بجا، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد واٹر ورکس اشوک ریڈی، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ڈاکٹر سی سورنا، رنگاریڈی اور سدی پیٹ کے ضلع کلکٹرس اور مشن بھگیرتا کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1