کورونا قواعد کے پیش نظرتعداد میں اضافہ، رائے دہندوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں رائے دہی کے لئے 9101 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 99 پولنگ اسٹیشن کونڈا پور وارڈ میں ہیں جبکہ آر سی پورم وارڈ میں سب سے کم 33 پولنگ اسٹیشن ہیں۔ 2016 بلدی انتخابات مقابلہ اس مرتبہ 1700 پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ کووڈ۔19 قواعد پر عمل آوری کے لئے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ۔ 2016 ء انتخابات میں ہر پولنگ اسٹیشن میں رائے دہندوں کی تعداد تقریباً 1400 تھی لیکن اس مرتبہ ہر پولنگ اسٹیشن میں 800 تا 1000 رائے دہندے ہوں گے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے الیکشن ڈیوٹی پر موجود عہدیداروں اور ملازمین کو کورونا سے بچانے کیلئے ہر ممکن احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں کے باہر سنیٹائزر اور بخار کی جانچ کا اہتمام رہے گا ۔ رائے دہندوں کے لئے ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضعیف اور معذور رائے دہندوں کی سہولت کے لئے ریمپ تعمیر کئے جائیں گے تاکہ وہیل چیر پر رائے دہندوں کو پہنچنے پر آسان ہو۔ 80 سال سے زائد کے رائے دہندوں اور شیرخوار بچوں کے ساتھ پہنچنے والی خواتین کو قطار میں ٹھہرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ کووڈ سے متاثرہ افراد کوشام 5 تا 6 بجے کے درمیان حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع دیا جائے گا۔ یکم نومبر کے بعد کورونا پازیٹیو آنے والے مریضوں کو پوسٹل بیالٹ کی سہولت رہے گی ۔