گریٹر انتخابات کیلئے نقائص سے پاک ووٹر لسٹ تیار کی جائے

   

عہدیداروں کو الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کی ہدایت، بلدی عہدیداروںکے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ڈپٹی کمشنرس کا اہم رول ہوتا ہے ۔ لہذا انہیں ہر سرکل کے وارڈس میں انتخابات کے موثر انتظامات کرنے چاہئے ۔ میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائرکٹوریٹ میں منعقدہ اجلاس میں جی ایچ ایم سی کمشنرس ، نوڈل آفیسرس ، زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے لے کر انتخابی مرحلہ کی تکمیل تک تمام انتظامات کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنرس کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامات کے سلسلہ میں کوئی بھی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں کوئی خامی نہ رہے اور 13 نومبر کو قطعی فہرست کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ رائے دہی کے موقع پر عوام کو پولیس اسٹیشنوں پر کوئی دشواری نہیں ہونی چاہئے ۔ پارتھا سارتھی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں کے انتخاب کے سلسلہ میں رائے دہندوں کی سہولت کا خیال رکھیں۔ گزشتہ کے پولنگ اسٹیشنوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی ہیڈکوارٹرس پر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے جو 24 گھنٹے کارکرد ہے۔ الیکشن کمشنر نے کہا کہ رائے دہی سے دو دن قبل ووٹر سلپ عوام تک پہنچ جانے چاہئے ۔ عہدیداروںکو اس کام کی نگرانی کرنی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی اس کام کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس میں ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر ایم ست نارائنا ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، سکریٹری الیکشن کمیشن اشوک کمار ، جوائنٹ سکریٹری جئے سمہا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔