انتخابی دھاندلیوں کو روکنے کا عہد، گریٹر قائدین کے ساتھ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کا اجلاس
حیدرآباد ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کامیابی کیلئے کانگریس نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے آج گاندھی بھون میں گریٹر حیدرآباد کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی میں ڈسپلن اور اتحاد کو اولین ترجیح دیں اور ہر وارڈ کی سطح پر عوام سے رابطہ کا پروگرام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر پدیاترا اور دیگر پروگراموں کے ذریعہ قائدین کو عوام کے درمیان رہنا چاہیئے۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور متحدہ مقابلہ کے ذریعہ کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بلدی انتخابات کیلئے انتخابی منشور کی تیاری کے سلسلہ میں علحدہ کمیٹی کی تشکیل کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ زیادہ تر وقت حیدرآباد میں گذاریں گے اور گریٹر انتخابات کی حکمت عملی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مانکیم ٹیگور نے حال ہی میں گریٹر قائدین کے اجلاس میں پیش آئے ناخوشگوار واقعات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ انہوں نے ویڈیو دیکھنے کے بعد تادیبی کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ اپنے اختلافات فراموش کرتے ہوئے پارٹی کی کامیابی پر توجہ مرکوز کریں۔ سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے فہرست رائے دہندگان، ایس سی ایس ٹی تحفظات اور وارڈز کی از سر نو حد بندی کے سلسلہ میں امکانی بے قاعدگیوں پر توجہ دلائی۔ کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی نے اس سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمشنر سے نمائندگی کی ہے۔ شہر کے دیگر قائدین بالخصوص اقلیتی قائدین نے انتخابات میں ٹی آر ایس اور مجلس کی دھاندلیوں کی روک تھام پر توجہ دینے کا عہد کیا۔ خاص طور پر بوگس رائے دہی کو روکنے کا عہد کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ گریٹر انتخابات میں پارٹی متحدہ مقابلہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ اجلاس میں اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، سرینواس کرشنن ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی، پونم پربھاکر، جے کسم کمار، وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو، جی نارائن ریڈی، سابق میئر بی کارتیکا ریڈی، جی نرنجن، انیل کمار یادو، ڈی شراون، شیخ عبداللہ سہیل، محمد فیروز خاں، محمد غوث، عثمان الہاجری اور دیگر قائدین کی کثیر تعداد شریک تھی۔