خواتین کی نمائندگی میں تحفظات کے سبب اضافہ
حیدرآباد۔ گریٹر بلدی انتخابات میں 50 فیصد نشستیں خواتین کیلئے مختص کی گئی تھیں لیکن 83 حلقوں سے خاتون امیدوار منتخب ہوئے جبکہ 66 مرد امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کیلئے 50 فیصد نشستیں از روئے قانون مختص کی گئی تھیں لیکن غیر محفوظ حلقوں سے بھی سیاسی جماعتوں نے خواتین کو ٹکٹ دیا جس کے نتیجہ میں نئی تشکیل پانے والے کارپوریشن میں خواتین کی تعداد 83 رہے گی۔ کئی حلقوں میں خواتین کے تحفظات کے سبب اہم سیاسی قائدین نے اپنے گھر والوں یا پھر رشتہ داروں کو امیدوار بنایا اور انتخابی مہم کی خود قیادت کی۔ 50 فیصد نشستوں پر خواتین کے تحفظات کے اعلان کے بعد تمام اہم سیاسی جماعتوں نے خواتین کو زائد نمائندگی دینے کا اعلان کیا تھا۔ کونسل میں خواتین کی تعداد میں اضافہ تو ہوگیا لیکن متعلقہ بلدی حلقوں میں عوامی مسائل کی یکسوئی میں وہ کس حد تک کامیاب ہوں گی یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔