گریٹر بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی یقینی

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ریاستی وزیر کے ٹی آر سے ملاقات
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں کے سی آر اور کے ٹی آر کی قیادت نے جو ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ، اس کے نتیجہ میں عوام کی تائید حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو اس مرتبہ 100 سے زائد نشستیں حاصل ہوں گی اور تمام طبقات بالخصوص اقلیتی طبقات نے ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے متاثرین نے حکومت کی جانب سے نقدی امداد کی تقسیم سے متاثرہ خاندانوں کو بڑی راحت ملی ہے۔ حکومت نے باقی متاثرین کیلئے بھی امداد کا اعلان کیا ہے۔ محمد سلیم نے کے ٹی آر کو بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس میں 50 فیصد رعایت اور صفائی عملہ کی تنخواہوں میں 3000 روپئے کا اضافہ غریب اور متوسط طبقات کے لئے بڑی راحت ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے سیلاب کے متاثرین میں 20 لاکھ روپئے کی امدادی اشیاء اور اناج کی سربراہی سے کے ٹی آر کو واقف کرایا گیا۔ کے ٹی آر نے متاثرین کی امداد کے لئے وقف بورڈ کی مساعی کی ستائش کرتے ہوئے محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد شہر کے اہم قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی جائے گی ۔