گریٹر بلدی انتخابات میں ہندو ووٹ کیلئے مندر کی نمائندگی : ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد ۔11۔ فروری (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد وی ہنمنت راو نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ہندوؤں کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے مہانکالی مندر لال دروازہ کی تعمیر کے سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ مہانکالی مندر کے لئے رقمی منظوری کا مطالبہ خوش آئند ہے۔ کانگریس سیکولر پارٹی ہے اور وہ مجلسی فلور لیڈر سے اسی طرح کی تبدیلی چاہتی ہے۔ انہوں نے حالیہ عرصہ میں جو متنازعہ بیانات دیئے تھے، اس سے باز رہنا چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہندو ووٹ حاصل کرنے کیلئے مندر کے حق میں نمائندگی کی گئی ۔ ہنمنت راؤ نے مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو جاری کردہ فنڈس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت فنڈس کی اجرائی کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن تلنگانہ حکومت کو فنڈس کی اجرائی کا علم نہیں ۔ لہذا مرکزی فنڈس کہاں خرچ کئے گئے ، اس بارے میں عوام کو تفصیلات جاننے کا حق حاصل ہے ۔ نئی دہلی میں کانگریس کی شکست کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ہنمنت راؤ نے شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے کی اپیل کی ۔