ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس میں خفیہ مفاہمت ،اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے کانگریس کا انتخابی منشور 24 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی 11 بجے دن گاندھی بھون میں انتخابی منشور جاری کریں گے جس میں شہر کی ہمہ جہتی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی پر کانگریس اپنا ایجنڈہ پیش کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں کیونکہ حیدرآباد کی ترقی کانگریس دور حکومت میں ہوئی تھی۔ میٹرو ریل، پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے اور کرشنا سے پانی کی سربراہی جیسے پراجکٹ کانگریس دور میں مکمل کئے گئے جس سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین کو امداد کی تقسیم میں دھاندلیاں ہوئی ہیں اور امدادی رقم کو ٹی آر ایس کارکنوں نے ہضم کرلیا۔ انہوں نے حیدرآباد کی ترقی پر 67 ہزار کروڑ خرچ کرنے سے متعلق کے ٹی آر کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں حیدرآباد کی کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ کورونا وباء سے عوام پریشان تھے لیکن کے سی آر فارم ہاوز میں آرام کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے سلسلہ میں بی جے پی کا کوئی رول نہیں ہے اور مرکزی حکومت سے ایک بھی ترقیاتی پراجکٹ حیدرآباد کیلئے منظور نہیں کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کو عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے تمام فیصلوں میں ٹی آر ایس نے بی جے پی کی تائید کی لیکن سیاسی فائدہ کیلئے دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی مخالفت کررہی ہیں۔ صدرجمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ کا الیکشن، جی ایس ٹی، نوٹ بندی، نائب صدرنشین راجیہ سبھا کا انتخاب، کشمیر سے 370 کی برخاستگی، طلاق ثلاثہ اور دیگر اُمور میں ٹی آر ایس نے مودی حکومت کی تائید کی تھی۔ پریس کانفرنس میں پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹس پونم پربھاکر اور کسم کمار موجود تھے۔