!گریٹر حیدرآباد ، نشہ آباد میں بدلنے کے دہانے پر

   

نشیلی اشیاء کی بہ آسانی دستیابی ، نوجوان نسل نشہ کی لعنت میں
حیدرآباد ۔ 17۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کی دوڑ میں مصروف حکومت شاید حیدرآبادی تہذیب اور معاشرے کو تباہ کرنے والوں سے بچانے میں ناکام ہورہی ہے ۔ کمیونٹی فرینڈلی پولیسنگ عصری سہولیات کی فراہمی ، ملٹی نیشنل کمپنیوں کی آمد ، امن و ضبط کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے اقدامات معیاری انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے لیکن حیدرآباد کو تباہ کرنے والی کوششوں پر قابو میں یکسر طور پر ناکام ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں نشہ آور اشیاء کی شہر میں دستیابی اور بہ آسانی نوجوان نسل تک اس کی رسائی جرائم کا مرتکب بن رہی ہے اور دن بہ دن نوجوان نسل نشہ کی لعنت کا شکار بنتے ہوئے جرائم کو انجام دے رہی ہے ۔ معمولی بات اور معمولی جھگڑے پر قتل اور بغیر عمر رشتہ اور وابستگی کو خاطر میں لاتے ہوئے انسانیت سوز جرائم کی انجام دہی میں معاشرہ دن بہ دن ملوث ہوتا جارہا ہے ۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ حیدرآباد اب سائبر آباد کی شناخت کے بعد گریٹر حیدرآباد کی شناخت حاصل کرنے والا یہ شہر جو عظیم تاریخی ورثہ کا حامل ہے ۔ نشہ کے سبب نشہ آباد شہر بن جائے گا ۔ دانشوران شہر گذشتہ چند واقعات کے بعد اس طرح کے تبصرہ کررہے ہیں اور شہر کی حالات پر تشویش ظاہر کررہے ہیں ۔ ان سب واقعات پر قابو پانے والی پولیس کے اقدامات ناکافی اور نگران کار ایجنسی ایکسائز پولیس کی بے حسی ان حالات کی رونمائی میں شامل حال دکھائی دے رہی ہے ۔ پولیس اور ایکسائز کے علاوہ نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے بچانے کے لیے شہریوں کو ہی کمر باندھنی پڑے گی چونکہ سرکاری مشنری پر بھروسہ کرتے ہوئے بے فکر ہونا نوجوان نسل کو تباہ کرنے کا سبب بن سکتا ہے ۔ A