گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کی تیاریوں کیلئے کانگریس کمربستہ

   

عنقریب کور کمیٹی کا اجلاس، اتم کمار ریڈی سے ہنمنت راؤ کی ملاقات
حیدرآباد : صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ کھمم اور ورنگل کے بلدی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں کور کمیٹی اجلاس طلب کرنے سے اتفاق کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج اتم کمار ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور کانگریس پارٹی میں ڈسپلن شکنی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے بعد سے کور کمیٹی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے پارٹی کیڈر کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد ، کھمم اور ورنگل میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور اگر سینئر قائدین متحدہ طور پر مساعی کریں تو بلدی انتخابات میں پارٹی کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔ اتم کمار ریڈی نے 20 اگست کے بعد کور کمیٹی اجلاس کی تاریخ طئے کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ ہنمنت راؤ نے گریجویٹس زمرہ کی قانون ساز کونسل کی دو نشستوں کے انتخابات پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے سوشیل میڈیا میں سینئر قائدین کے خلاف جاری مہم پر افسوس کا اظہار کیا اور ڈسپلن شکنی کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ۔ اتم کمار ریڈی نے سوشیل میڈیا میں سرگرم عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کا تیقن دیا۔ ہنمنت راؤ کی تجویز پر اتم کمار ریڈی نے 17 اگست کو نندی ایلیا کا تعزیتی جلسہ اندرا بھون میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ 6 مرتبہ لوک سبھا اور دو مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہونے والے دلت قائد کا تعزیتی جلسہ منعقد نہ کرنے سے کمزور طبقات میں غلط پیام جاسکتا ہے۔