گریٹر حیدرآباد حدود میں اسمارٹ برقی میٹرس لگانے کا منصوبہ

   

نئے اسمارٹ میٹرس سے برقی بلز میں کمی ، پیشگی ادائیگی کا موقع ہوگا
حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں برقی صارفین جلد ہی بالکل درست اور صحیح برقی بلز حاصل کرپائیں گے اور برقی صرفہ کا حقیقی وقت دیکھ پائیں گے اور برقی بلز اڈوانس میں بھی ادا کرپائیں گے کیوں کہ اب تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ (TSSPDCL) کی جانب سے شہر میں اسمارٹ میٹرس لگانے کا منصوبہ ہے ۔ اسمارٹ میٹرس زیادہ صحیح برقی بلز کے لیے انرجی سپلائرس کو میٹر ریڈنگس ڈیجیٹلی روانہ کرسکتے ہیں ۔ یہ میٹرس دو قسم کے ہیں پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ اور کسٹمرس ان کے میٹر میں تبدیلی کے بغیر ان میں کسی ایک کو اختیار کرسکتے ہیں ۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے مطابق یہ میٹرس مرکزی حکومت کی اٹلی ڈسٹری بیوشن سسٹم امپرومنٹ یوجنا (ADITYA) اسکیم کے تحت لگائے جائیں گے اور اس کیلئے ریاستی حکومت کو مرکز کی اجازت کا انتظار ہے ۔ کمپنی کے ڈائرکٹر ( پراجکٹس ) ٹی سرینواس نے کہا کہ اسمارٹ میٹرس سے برقی صارفین کو برقی کا حقیقی استعمال معلوم کرنے ، بل کی رقم ، اور گنجائش کے لحاظ سے برقی استعمال کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ اس سے محکمہ برقی کے اسٹاف کی جانب سے بلنگ کیلئے گھر گھر جانے اور کسٹمرس سے بقایہ جات ادا کرنے کیلئے کہنے کی بات ختم ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ’ جیڈی میٹلہ میں 8000 میٹرس کے ساتھ اسمارٹ میٹرس پر ایک پائیلٹ پراجکٹ شروع کیا گیا جو کامیاب ہوا ۔ ہم نے ریاست میں سرکاری دفاتر میں بھی 10,000 پری پیڈ اسمارٹ میٹرس لگائے ہیں اور بہتر طور پر کام کررہے ہیں ‘ ۔ پری پیڈ میٹر کے ساتھ ، صارفین برقی کا استعمال کرنے سے قبل ہی اس کا بل ادا کرسکتے ہیں۔ مختلف طریقوں سے جیسے بل کاونٹرس اور آن لائن ادائیگی کے طریقوں کے ذریعہ جیسے ٹی ۔ والیٹ ، یو پی آئز اور ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل ویب پورٹل پر ۔ یہ میٹرس ، میٹرس میں دستیاب رقم کی بنیاد پر کام کریں گے اور جب رقم نہیں ہوگی تو برقی سربراہی خود بخود منقطع ہوجائے گی ۔ یہ سسٹم الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی کیلئے فائدہ مند ہے کیوں کہ وہ تمام ادائیگیوں کو پیشگی ریکارڈ کریں گے اور اس میں صارفین کی جانب سے کوئی بقایہ جات نہیں ہوں گے ۔۔