گریٹر حیدرآباد حدود میں الیکٹرک بس خدمات میں مزید توسیع

   

نئے بس کی خریدی کیلئے مرکزی حکومت سے سبسیڈی

حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سٹی ریجن کی جانب سے گریٹر حیدرآباد سٹی میں مزید 60 نئی الیکٹرک بسوں کو متعارف کیا جارہا ہے۔ جبکہ گریٹر حیدرآباد میں جملہ 100 الیکٹرک بسوںکو چلانے کا پروگرام مرتب کیا گیا تھا۔ اور گزشتہ دنوں کے دوران اب تک 40 الیکٹرک بسوں کا آغاز کردیا گیا اور اس طرح اب مزید 60 نئی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ توقع کی جاتی ہے کہ 60 نئی الیکٹرک آر ٹی سی سٹی بسوں کا ماہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں آغاز ہوجائے گا۔ ٹی ایس آر ٹی سی سٹی ریجن کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پہلے مرحلہ کے تحت شروع کی گئی 40 الیکٹرک بسیں جے بی ایس ( جوبلی بس اسٹیشن ) میاں پور، کوکٹ پلی علاقوں سے ایر پورٹ تک چلائی جارہی ہیں۔ ان بسوں میں فی الوقت 20 تا 25 فیصد ہی او ار درج کیا جارہا ہے۔ لیکن اس کو اضافہ کرنے کیلئے جامع منصوبہ سازی کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ماحولیات کی برقراری و ماحولیاتی آلودگی کا تدارک کرنے کے ایک حصہ کے طور پر مرکزی حکومت مرحلہ وار اساس پر عوامی ٹرانسپورٹ شعبہ میں الیکٹرک بسوں کو متعارف کررہی ہے۔ ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر مرکزی حکومت نے پہلے مرحلہ کے تحت ملک کے 11 اہم شہروں میں ان الیکٹرک بسوں کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح 11 شہروں میں حیدرآباد شہر بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کنٹونمنٹ اور میاں پور آر ٹی سی بس ڈپوز کے ذریعہ شمس آباد ایر پورٹ تک 20سرویسس چلائی جارہی ہیں۔ جبکہ شہر کے اہم مقامات تک میٹرو ریل کی سہولتیں دستیاب رہنے کی وجہ سے اس کا راست اثر سٹی آر ٹی سی بسوں پر مرتب ہونے کی وجہ سے نئے الیکٹرک بسوں کو ٹریفک اژدھام پائے جانے والی سڑکوں پر چلانے کیلئے عہدیداران آر ٹی سی کی جانب سے مختلف روٹس پر سروے کیا جارہا ہے۔ آر ٹی سی سٹی ریجن ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ الیکٹرک بیاٹریوں کے ذریعہ چلنے والی ان بسوں سے کوئی نوعیت کی آلودگی نہیں پائی جاتی ہے۔ ان الیکٹرک بسوں کی تیاری اپنے ہی ملک میں اولیکٹرابڈ کارپوریشن کی جانب سے کی گئی۔ ہر ایک بس کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپئے سبسیڈی فراہم کی جارہی ہے۔ ان الیکٹرک بسوں کی خصوصیت یہ ہے کہ ایک مرتبہ چارج کرنے پر 250 کیلو میٹر کا سفر کیا جاسکتا ہے۔