موجودہ کارپوریٹرس کی تشویش میں اضافہ، میئر کا عہدہ بی سی خاتون کیلئے مختص
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے جنوری میں ہونے والے انتخابات سے قبل 30 فیصد بلدی وارڈز کے تحفظات میں تبدیلی کا امکان ہے۔ جملہ وارڈز کی تعداد 150 ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مختلف زمرہ جات کے تحفظات کو آبادی کے اعتبار سے تبدیل کیا جائے گا۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور خواتین کیلئے وارڈز محفوظ کئے جائیں گے۔ 30 فیصد وارڈز کے تحفظات کی تبدیلی کے فیصلہ نے کئی کارپوریٹرس کو مایوس کردیا ہے کیونکہ بعض جنرل زمرہ کے وارڈز تحفظات کی زد میں آسکتے ہیں جس کے نتیجہ میں موجودہ کارپوریٹر نشست سے محروم ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنے اپنے حلقہ جات کو محفوظ ہونے سے بچانے کیلئے کارپوریٹرس نے پیروی شروع کردی ہے۔ بعض ایسے حلقہ جات جو تحفظات کے تحت آئیں گے وہاں کے کارپوریٹرس نے ترقیاتی سرگرمیوں سے خود کو دور کرلیا ہے۔ نئے تحفظات کے نتیجہ میں پارٹیوں کو امیدواروں کے انتخاب میں دشواری ہوسکتی ہے کیونکہ کامیابی کے اہل امیدواروں کا ملنا کسی بھی پارٹی کیلئے آسان نہیں ہے۔ فہرست رائے دہندگان کے مطابق ہر وارڈ میں بی سی ووٹرس کی تعداد کے مطابق تحفظات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کارپوریشن کے پاس مختلف طبقات کے رائے دہندوں پر مشتمل علحدہ علحدہ فہرست رائے دہندگان موجود ہے جو کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں تیار کی گئی تھی۔ فہرست کو اَپ ڈیٹ کرتے ہوئے جنوری میں جاری کیا جائے گا۔ 2011 مردم شماری کی بنیاد پر مختلف طبقات کی آبادی شمار کی گئی ہے۔ 2016 گریٹر حیدرآباد انتخابات میں حکومت نے ایس سی طبقہ کے لئے 10 ، ایس ٹی کیلئے 2 اور بی سی طبقات کیلئے 50، اس طرح جملہ 62 وارڈز محفوظ کئے تھے۔
ہر زمرہ میں 50 فیصد نشستیں خواتین کیلئے مختص کی گئیں۔ عام زمرہ میں 44 نشستیں خواتین کیلئے مختص کی گئی تھیں اورصرف 44 عام زمرہ کے تحت باقی رہے۔ مجموعی طور پر 150 ڈیویژنوں کے منجملہ 75 خواتین کیلئے مختص ہوئے ہیں۔ جنوری کے مجوزہ انتخابات کے سلسلہ میں تحفظات سے متعلق وارڈز کی تبدیلی نے سیاسی جماعتوں اور موجودہ کارپوریٹرس کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میئر کا عہدہ آبادی کے اعتبار سے الاٹ کیا جاتا ہے۔ بلدی قانون کے مطابق ریاست کے تمام میئرس میں سے 50 فیصد عہدے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی کو الاٹ کئے جائیں گے۔ ان میں سے 50 فیصد مذکورہ طبقات کی خواتین کیلئے مختص رہیں گے۔ میئر کے عہدہ کو گریٹر حیدرآباد میں بی سی خاتون کیلئے مختص کیا گیا ہے۔