گریٹر حیدرآباد میں آئسولیشن مراکزکے قیام کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔ جی ایچ ایم سی نے کورونا کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں اور فنکشن ہالس کو آئسولیشن سنٹرس میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ تمام زونل کمشنرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے زونس میں آئسولیشن مراکز کا انتخاب کریں۔ گریٹر حیدرآباد میں کورونا کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے لہذا حکومت کی ہدایت پر 6 زونس کے علاقوں میں آئسولیشن سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تاکہ غیر علامتی مریضوں کو دواخانوں کے بجائے آئسولیشن سنٹرس میں رکھا جاسکے۔ تمام زونل کمشنرس نے اسکولوں کی عمارتوں کے علاوہ بنکویٹ ہالس اور فنکشن ہالس کی نشاندہی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آبادی سے دور علاقوں میں آئسولیشن سنٹرس کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ ان مراکز میں آکسیجن سلینڈرس اور دیگر سہولتوں کو پیش نظر رکھا جارہا ہے تاکہ آئسولیشن کے مریض دیگر افراد میں کورونا پھیلانے کا سبب نہ بنیں۔ آئسولیشن سنٹرس میں ڈاکٹرس اور طبی عملے کا تقرر کیا جائے گا۔ سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے زونل کمشنرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں آئسولیشن سنٹرس کے قیام کا جائزہ لیا۔