175 موبائیل ٹیکہ ویانس کی خدمات، چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 21 اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں صد فیصد ٹیکہ اندازی مہم کے لئے 22 اگست سے خصوصی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ 10 تا 15 دن تک خصوصی مہم چلاتے ہوئے تمام بالغ شہریوں کو صدفیصد ٹیکہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے لئے 175 موبائیل ٹیکہ ویانس کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ 150 موبائیل ویانس جی ایچ ایم سی کے حدود کا احاطہ کریں گے جبکہ 25 موبائیل ویانس کنٹونمنٹ علاقہ حدود کا احاطہ کریں گے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 4846 کالونیوں اور بستیوں میں اس کے علاوہ کنٹونمنٹ کے 360 مقامات پر خصوصی ٹیکہ اندازی مہم چلائی جائے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ٹیکہ اندازی کی اس خصوصی مہم سے استفادہ کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ہے اور ساتھ ہی عملہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ گھر گھر پہنچ کر دستک دیں اور ٹیکہ نہ لینے والوں کی نشاندہی کریں۔
