گریٹر حیدرآباد میں ایک اور ضمنی انتخاب کی قیاس آرائیاں

   

Ferty9 Clinic

ڈی ناگیندر کے مستعفی ہونے کی افواہیں! جوبلی ہلز میں کامیابی کے بعد کانگریس کے حوصلے بلند
حیدرآباد ۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں اور ایک ضمنی انتخاب کی قیاس آرائیاں تیزی سے گشت کررہی ہیں۔ بی آر ایس ٹکٹ پر کامیاب ہوکر کانگریس میں شامل خیرت آباد رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کی افواہیں وائرل ہورہی ہیں کیونکہ انہیں انسداد انحراف مقدمے میں نااہل قرار دئے جانے کے زیادہ امکانات ہیں۔ اسپیکر کے فیصلہ سے قبل ہی کانگریس انہیں استعفیٰ دلانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ ڈی ناگیندر سے استعفیٰ کب دلایا جائے کانگریس ہائی کمان تلنگانہ کانگریس قائدین سے تبادلہ خیال کررہی ہے۔ پارٹی تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کی اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار سماعت کررہے ہیں۔ دونوں پارٹیوں کی جانب سے دلائل کی سماعت جاری ہے۔ سپریم کورٹ کی مہلت 31 اکٹوبر کو ختم ہوگئی ہے۔ مہلت ختم ہوجانے کے باوجود اسپیکر نے فیصلہ نہ سنانے کی شکایت کرکے بی آر ایس نے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست داحل کی ہے۔ دو دن قبل ہی مغربی بنگال میں پارٹی تبدیل کرنے والے رکن اسمبلی کی بنگال ہائیکورٹ نے رکنیت منسوخ کردی جس کے تناظر میں تلنگانہ میں بی آر ایس سے کامیابی پا کر کانگریس میں شامل رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے خلاف بھی کارروائی کا امکان ہے ۔ کانگریس ہائی کمان کارروائی سے قبل ڈی ناگیندر سے استعفیٰ دلانے پر غور کررہی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ پہلے ہی کانگریس ہائی کمان نے استعفیٰ دینے تیار رہنے کا ڈی ناگیندر کو اشارہ دے دیا تھا۔ تاہم جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے نتائج تک انتظار کی حکمت عملی پر عمل کیا گیا۔ جوبلی ہلز میں کامیابی کے بعد خیرت آباد ضمنی انتخاب کیلئے کانگریس سے تیاریاں کرنے کا علم ہوا ہے۔ ڈی ناگیندر سے استعفیٰ کب دلایا جائے ہائی کمان چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹا وکرامارکا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ سے تبادلہ خیال کے بعد قطعی فیصلہ کریں گی۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد جوبلی ہلز میں کانگریس قائدین اور کیڈر بی آر ایس میں شامل ہوگیا تھا ۔ نوین یادو کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد کانگریس کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔ ناگیندر کے استعفیٰ کے بعد دوبارہ کانگریس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی توقع کی جارہی ہے کیونکہ خیرت آباد میں کانگریس کے لیڈرس کے علاوہ مضبوط کیڈر موجود ہے۔2