گریٹر حیدرآباد میں تلگودیشم پارٹی کو مستحکم کرنے پر توجہ

   

Ferty9 Clinic

سینئر لیڈر علی مسقطی کی ریاستی صدر نرسمہلو سے ملاقات، پارٹی کیڈر کو متحرک کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں تلگودیشم پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے تلنگانہ تلگودیشم کے صدر بی نرسمہلو نے حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے انچارج اور سینئر تلگودیشم قائد علی مسقطی اور دیگر قائدین سے مشاورت کی ہے۔ علی مسقطی نے شہر کے دیگر قائدین کے ہمراہ بی نرسمہلو سے ملاقات کی اور گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کو متحرک کرنے کیلئے تجاویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں تلگودیشم پارٹی کا کیڈر مستحکم ہے اور وہ انتخابات میں بہتر طور پر اثر انداز ہونے کی طاقت رکھتے ہیں۔ علی مسقطی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں ہوئی ہے۔ کسی بھی پارٹی نے حیدرآباد کی ترقی پر توجہ نہیں دی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے حیدرآباد کو ترقی دیتے ہوئے عالمی سطح پر شناخت بنائی ہے۔ تلنگانہ تلگودیشم کے صدر بی نرسمہلو نے علی مسقطی سے خواہش کی کہ وہ پارٹی کو تنظیمی طور پر مستحکم بنانے کیلئے متحرک ہوجائیں۔ اسی دوران گوشہ محل اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین نے ریاستی صدر سے ملاقات کی۔ تلگو یووتا حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے صدر محمد انور، لکشمی نارائن یادو، انیس الرحمن، عمر خاں اور دیگر قائدین نے این ٹی آر ٹرسٹ بھون پہنچ کر بی نرسمہلو سے ملاقات کی۔ نرسمہلو نے پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت کے بعد گوشہ محل حلقہ کے انچارج کے تقرر کی درخواست کی ہے۔ حضورآباد اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین پی تروپتی ریڈی، پرشو رام اور بی نرسمہلو نے دیگر قائدین کے ہمراہ ریاستی صدر سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کے مقابلہ کے امکانات بہتر ہیں۔ اس سلسلہ میں قومی صدر چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کا تیقن دیا گیا۔