ہر اتوار کو سرکل آفس پہنچ کر مسائل کو حل کرانے کا کمشنر جی ایچ ایم سی نے عوام کا دیا مشورہ
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے جائیداد ٹیکس میں کسی قسم کا اضافہ کرے بغیر سسٹم کے نقائص کو دور کرنے جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کررہے ہیں انہیں ٹیکس کے دائرے میں شامل کرنے اور ساتھ میں جائیداد ٹیکس کے تنازعات کو حل کرتے ہوئے ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے کہا کہ 24 جنوری سے 28 مارچ تک ہر اتوار کو صبح 9:30 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ’’پراپرٹی ٹیکس‘‘ مسائل کی یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی نے جاریہ سال 1900 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول کرنے کا نشانہ مختص کیا تھا۔ تاہم ابھی تک صرف 124.27 کروڑ روپئے ہی وصول ہوپائے ہیں۔ لوکیش کمار نے کہا کہ ہر اتوار کو تمام سرکل آفسوں میں ایک پروگرام کا اہتمام کرتے ہوئے ٹیکس شکایتیں، قانونی مسائل و دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے تنازعات کو فوری اثر کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ ان پروگرامس میں زونل کمشنرس، ڈپٹی کمشنرس اور دوسرے عہدیدار حصہ لیتے ہوئے جائیداد ٹیکس کے تنازعات کو حل کریں گے۔ ہر سرکل آفس پر خصوصی کاؤنٹرس کا اہتمام کرتے ہوئے جائیداد ٹیکس کے تنازعات پر شکایتیں قبول کی جائیں گی۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے عوام سے خواہش کی ہیکہ وہ اپنے جائیداد ٹیکس تنازعات کو حل کرنے کیلئے ان پروگرامس سے استفادہ کریں۔