گریٹر حیدرآباد میں سیلاب کے متاثرین میں 120 کروڑ کی تقسیم

,

   

ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کا احاطہ، چیف سکریٹری اور اعلیٰ عہدیداروں کی راست نگرانی
حیدرآباد۔ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں دسہرہ تہوار کے پیش نظر 10 ہزار روپئے کی امداد جنگی خطوط پر تقسیم کرنے کی ہدایت دی ہے جس کے مطابق دسہرہ تک 1.13 لاکھ خاندانوں میں 120 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں یہ تقسیم عمل میں آئی ہے۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کے طور پر 10 ہزار روپئے کی ادائیگی کا اعلان کیا ہے۔ دسہرہ کی تعطیلات کے بعد دوبارہ تقسیم کا آغاز ہوگا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں عہدیداروں کی ٹیم مالی امداد کی تقسیم کی راست نگرانی کررہی ہے۔ چیف سکریٹری کے علاوہ پرنسپل سکریٹری میونسپل اڈمنسٹریشن اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، کمشنر میونسپل اڈمنسٹریشن ست نارائنا اور کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی گریٹر حیدرآباد کے حدود میں امداد کی تقسیم کے نگرانکار مقرر کئے گئے ہیں۔ 780 عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو متاثرہ علاقوں میں دورہ کرتے ہوئے نقصانات کی تفصیلات حاصل کررہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کی رات دیر گئے تک 80 ہزار سے زائد خاندانوں کا احاطہ کیا گیا اور تقسیم کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے امداد کی تقسیم کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن ، ریوینو اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کی ستائش کی ہے۔گریٹر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کی بلدیات اور سکندرآباد کنٹونمنٹ کے علاقہ میں امداد کی تقسیم کا کام جاری ہے۔