گریٹر حیدرآباد میں غیر معلنہ برقی کٹوتی، عوام شدید پریشان

   

غیر مجاز لوڈ شیڈنگ سے عوام میں غم و غصہ، گھریلو الکٹرانک آلات کو نقصانات
حیدرآباد : 31 مارچ ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں برقی کی غیر معلنہ کٹوتی نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے ۔ ایک طرف چلچلاتی دھوپ اور بڑھتی گرمی تو دوسری جانب برقی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔ گزشتہ چند دنوں سے جی ایچ ایم سی حدود میں درجہ حرارت 35 ڈگری سے تجاویز کررہا ہے اورمحکمہ موسمیات سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کے باوجود برقی کی عدم دستیابی نے لوگوں کیلئے گھروں میں رہنا مشکل بنا دیا ہے ۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد 24 گھنٹے مسلسل برقی کی براہمی کا وعدہ کیا جاتا رہا ہے ، تاہم کانگریس حکومت کے قیام کے تقریباً ڈھائی سال بعد صورتحال اس کے برعکس نظر آرہی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے برقی کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی کٹوتی پر سخت کارروائی کا انتباہ دینے کے باوجود حیدرآباد و اطراف کے علاقوں میں وقفہ وقفہ سے غیر معلنہ کٹوتی جاری ہے ۔ بعض عہدیداروں نے بتایا کہ درختوں کے شاخوں کی کٹائی اور دیگر تکنیکی وجوہات سے سپلائی متاثر ہورہی ہے ، مگر عوام اس وضاحت سے مطمئن نہیں ہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص سلم علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہے ، جہاں دن میں کئی مرتبہ برقی سربراہی منقطع ہورہی ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں سے عوام نے شکایات کی کہ متعلقہ حکام اے ای اور لائن مین فون کالس کا بھی جواب نہیں دے رہے ہیں جبکہ وی آئی پی علاقوں میں برقی کی بحالی فوری کی جارہی ہے اور عام علاقوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے جس سے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ مسلسل برقی کی آنکھ مچولی کے باعث گھریلو صارفین کو بھی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے ۔ برقی کی وولٹیج میں اتار چڑھاؤ کے سبب فریج ، ٹی وی اور دیگر برقی آلات کے خراب ہوجانے کی شکایت سامنے آرہی ہے ۔ اس کے علاوہ حالیہ غیر موسمی بارش ، تیز ہواؤں نے بھی کئی علاقوں میں برقی کی سپلائی کو متاثر کیا ہے جس سے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے شہریوں نے حکومت اور متعلقہ محکمہ برقی سے مطالبہ کیا کہ فوری اس پر توجہ دی جائے اور ماضی کی طرح 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ 2