گریٹر حیدرآباد میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت

   

24 اسمبلی حلقہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کا اجلاس
حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ضلع الیکشن آفیسرس اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کا اجلاس منعقد کیا تاکہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے کام کا جائزہ لیا جائے۔ گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے شرکت کی۔ وکاس راج نے عہدیداروں سے کہا کہ فارم 6 ، 7 اور 8 کے تحت داخل کی جانے والی درخواستوں کی عاجلانہ طور پر یکسوئی کریں۔ رائے دہندوں کے ناموں کی شمولیت اور فہرست میں پائے جانے والی غلطیوں کی درستگی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے روزانہ کی اساس پر درخواستوں کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ وکاس راج نے کہا کہ اعتراضات کی یکسوئی کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جائے تاکہ مقررہ مدت میں تمام درخواستوں کی یکسوئی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ستمبر تک ڈیٹا پروسیسنگ اور اپ لوڈ کرنے کا کام مکمل کرلیا جائے۔ وکاس راج نے فوٹو شنا ختی کارڈ کی پرنٹنگ کے کام میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی تاکہ ہر مستحق رائے دہندے کو شناختی کارڈ حاصل ہو۔ انہوں نے رائے دہی کے سلسلہ میں شعور بیداری مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اجلاس میں جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد ، کمشنر جی ایچ ایم رونالڈ راس ، کلکٹر رنگا ریڈی ہریش، کلکٹر ملکاجگری اموئے کمار ، کلکٹر حیدرآباد انو دیپ اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر کنٹونمنٹ مدھوکر نائک کے علاوہ 24 اسمبلی حلقہ جات کے الیکشن عہدیداروں نے شرکت کی۔