گریٹر حیدرآباد میں فیملی ڈیجیٹل کارڈ سروے کا آغاز

   

پائلیٹ پراجکٹ کے تحت 25 ہزار خاندانوں کا احاطہ ، 96 ٹیموں کی تشکیل

حیدرآباد /4 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) گریٹر حیدرآباد کے 24 اسمبلی حلقوں میں پائلیٹ پراجکٹ کے تحت ڈیجیٹل کارڈ سروے کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اس سروے میں 25 ہزار خاندانوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ سروے کیلئے 96 ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے ۔ ہر ٹیم 4 عملہ پر مشتمل رہے گی ۔ 24 اسمبلی حلقوں کے 48 مقامات پر 8 اکٹوبر تک سروے کیا جائے گا ۔ ہر ٹیم کو 40 مکانات کا سروے کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ان سب کی نگرانی کیلئے ہر ایک اسمبلی حلقہ کیلئے ایک نوڈل آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ جمعرات کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سکندرآباد کنٹومنٹ اسمبلی حلقہ کے وہاب نگر کارخانہ علاقہ میں اس پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ یہاں موجود تقریباً 1500 خاندانوں کا سروے کیا جائے گا ۔ سروے کرنے کیلئے ٹیموں کو ٹیابس دئے گئے ہیں۔ سروے کرنے کیلئے گھروں کا رخ کرنے والی ٹیمیں ان کے پاس موجود ڈیٹا ، ارکان خاندان کے آدھار کارڈ کی تفصیلات کی جانچ کرتے ہوئے تفصیلات درست ہے یا نہیں اس کا جائزہ لیں گے ۔ ٹیموں کے پاس موجود تفصیلات کے علاوہ خاندان میں زیادہ ارکان ہوں تو ان کی تفصیلات کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ اگر اتفاق سے خاندان میں کسی کا انتقال ہوگیا ہے تو ان کی تفصیلات کو حذف کردیا جائے گا ۔ خاندان میں رہنے والے دیگر ارکان کے تفصیلات ڈاٹا میں موجود نہ ہونے پر آدھار کارڈ کی بنیاد پران کی تفصیلات کو بھی درج کرلیا جائے گا ۔ خاندان میں صدر خاندان کے طور پر سینئیر خاتون کا انتخاب کیا جائے گا ۔ ایک خاندان کی تفصیلات ایک ہی جگہ اندراج کرانا ہوگا ۔ سروے کے دوران خاندان میں پیدا ہوکر انتقال کرجانے والوں کی تفصیلات ، نئے خاندان ، نقل مقام کرنے والے اور مستقل طور پر بیرونی ممالک روانہ ہونے والوں کی تفصیلات حاصل کی جائے گی ۔ ایک خاندان کو ایک یونٹ تصور کرتے ہوئے شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا ۔ فیملی ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی کیلئے متعلقہ عملے کو جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں ایڈیشنل کمشنر سنہا شبریش نے تربیت فراہم کی ہے ۔ جی ایچ ایم سی ٹیکس انسپکٹرس ، تحصیلدار ، اے ایم سیز ، ڈی پی اوز ، سی اوز کو ڈیجیٹل کارڈ کیلئے حاصل کی جانے والی تفصیلات ۔ فارمپٹس دیگر امور پر تربیت دی گئی ۔ ٹیموں کو پانچ دن میں سروے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 2