گریٹر حیدرآباد میں مفت پانی کی اسکیم کا آغاز ۔ عوام کے 20 کروڑ کی بچت

,

   

۔10 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو فائدہ ، 31 مارچ تک نل کے میٹرس لگانے کی اپیل: کے ٹی آر

حیدرآباد : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج شہر میں مفت پینے کے پانی کی اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اس اسکیم سے عوام کو 19.92 کروڑ روپئے کی بچت ہوگی اور ساتھ ہی گریٹر حیدرآباد میں آئندہ 28 سال یعنی 2048 ء تک پینے کے پانی کی کوئی قلت نہیں رہے گی ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے رحمت نگر میں واقع ایس پی آر ہلز میں وزیر بلدی نظم و نسق نے ماہانہ 20 ہزار لیٹر مفت پانی سربراہ کرنے کی اسکیم کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء محمد محمود علی ، ٹی سرینواس یادو ، ملا ریڈی رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ ، میئر بی رام موہن ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ دوسرے قائدین و عہدیدار موجود تھے ۔ اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام کیلئے دو دن قبل ہی سنکرانتی تہوار آگیا ہے ۔ وہ جب طالب علم تھے تب دیکھتے تھے خواتین پانی کی قلت کے خلاف خالی گھڑوں سے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے دفتر پراحتجاجی مظاہرے کیا کرتے تھے ۔ لیکن اب حالت مفت پانی سربراہ کرنے تک پہنچ گئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں شہریوں کو ماہانہ 20 ہزار لیٹر پانی مفت دینے کا اعلان کیا تھا ۔ جس کا آغاز ہوگیا ہے وہ گھر گھر گھوم کر عوام کو واٹر کے زیرو بلز دے چکے ہیں ۔اس اسکیم کے تحت گریٹر حیدرآباد کے 10.08 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا ۔ گریٹر حیدرآباد میں 10.08 لاکھ نل کنکشنس میں اس اسکیم سے عوام کو 19.92 کروڑ روپئے کی بچت ہوگی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مذہب‘ ذات پات سے بالاتر ہوکر تلنگانہ حکومت فلاحی اسکیمات متعارف کررہی ہے۔ بستیوں میں غریب عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ پسماندہ طبقات کے بچوں کو بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ کے سی آر کا 7 سالہ دور حکومت سنہرا دور حکومت ہے ۔ کورونا بحران کے دوران کوئی بھی فلاحی اسکیم تعطل کا شکار نہیں رہی ۔ کے سی آر کے دور حکومت میں 500 کروڑ روپئے کا زائد مالی بوجھ عائد ہونے پر اس کو برداشت کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات کو جاری رکھاگیا ۔ ٹی آر ایس کے اقتدار حاصل کرنے سے قبل کئی مسائل تھے ۔ لیکن گزشتہ 7 سال کے دوران ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ۔ رجسٹریشن ،بر قی بلز اور جائیداد ٹیکس میں کسی قسم کاکوئی اضافہ نہیں کیا گیا ۔ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے اس کو عوام میں تقسیم کیا جارہا ہے ۔ انتخابات نہ ہونے کے باوجود بھی عوام کے درمیان رہ کر کام کررہے ہیں ۔ اس اسکیم کے تحت ایک اپارٹمنٹ کے 10 فلیٹس کو ماہانہ 2 لاکھ لیٹر پانی مفت تقسیم کیا جائے گا ۔ 20 ہزار لیٹر سے زیادہ پانی استعمال کرنے پر انہیں قدیم طریقہ کار کے تحت بلز ادا کرنا ہوگا ۔ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے تمام شہریوں کو 31 مارچ تک نل کے میٹرس لگانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔