گریٹر حیدرآباد میں مفت پانی کی سربراہی کے احکامات

   


9,84,940 مکانات کو فائدہ ، عوام کو 153.65 کروڑ روپئے کی راحت
حیدرآباد :۔ تلنگانہ حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے عوام کو جاریہ ماہ دسمبر سے مفت پانی کی سربراہی کیلئے جی او جاری کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران پارٹی کے منشور میں ماہ دسمبر سے 20 ہزار لیٹر تک پانی مفت سربراہ کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ جس پر عمل آوری کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے مفت پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تقریبا 10.6 لاکھ نل کنکشنس ہیں جن میں 10 لاکھ تک ڈومیسٹک کنکشن ہیں ۔ ماباقی کمرشیل اور انڈسٹریل زمرے کے تقریبا 45 ہزار کنکشنس ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کو ماہانہ بلز کی شکل میں 100 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوتی ہے ۔ 70 کروڑ تک کمرشیل اور انڈسٹریل کنکشنس سے وصول ہورہے ہیں ۔ گھروں سے 30 کروڑ روپئے وصول ہوتے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے مفت پانی سربراہ کرنے کے اعلان سے 9,84,940 صارفین کو فائدہ ہوگا ۔ مفت پانی کی اسکیم سے استفادہ کرنے والے صارفین آدھار کے ساتھ دوسرے شناخت کارڈس حاصل کرنے اور اس کیلئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کا امکان ہے ۔۔