گریٹر حیدرآباد میں نالوں کی حالت خطرناک

   

صفائی، توسیع، حصاربندی کا منصوبہ تعطل کا شکار

حیدرآباد ۔ 14 اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں نالوں کی حالت خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ نالوں کی صفائی اور توسیع کے اقدامات تو دور نالوں کی حصاربندی بھی تعطل کا شکار ہوگئی ہے۔ نالوں پر ریٹئنگ وال کی تعمیر میں بلدی حکام کی لاپرواہی مجرمانہ غفلت ثابت ہورہی ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ان ترقیاتی کاموں کی عدم عمل آوری شہریوں بالخصوص کمسن اور ضعیف افراد کی ہلاکت کا سبب بن رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں بلکاپور نالہ بنجارہ ہلز پنشن آفس کے قریب ایک شخص نالے میں بہہ کر ہلاک ہوگیا۔ اگر اس نالے پر ریٹینگ دیوار تعمیر کی جاتی تو شاید یہ شخص ہلاک نہ ہوتا۔ حالیہ دنوں بوئن پلی کے علاقہ میں ایک کمسن لڑکا نالے میں بہہ کر ہلاک ہوگیا تھا۔ اتنا سب ہونے کے باوجود بلدی حکام اپنی لاپرواہی کا سلسلہ ختم ہی نہیں کرتے اور نہ ہی ترقیاتی کاموں کو انجام دیتے ہیں۔ شہر کے چند علاقوں میں نالے خطرناک صورتحال اختیار کر گئے ہیں۔ کواڑی گوڑہ، اروندتھی نگر، اشوک نگر، نلہ کنٹہ، گاندھی نگر (لنکا) گول ناکہ، شیوانند نگر، وینکٹیشورا نگر علاقے نالہ سے متصل پائے جاتے ہیں۔ اس طرح پیکٹ، بلکاپور، بنجارہ ہلز نالے کے قریب موجودہ بستی والوں پر خطرہ منڈلا رہاہے۔ سابق میں متاثر علاقوں میں نالے کے دونوں جانب دیوار تعمیر کی گئی تھی۔